ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں نے فائنل میں جگہ بنالی

کراچی:32 ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں نے فائنل میں جگہ بنالی، ان فتوحات کے ساتھ چیمپیئن شپ میں پاکستان کے ایک گولڈ اور 3 سلور سمیت 5 میڈلز یقینی ہوگئے۔

جاری ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ کے مختلف ایونٹس میں شریک 5 میں سے 3 قومی جونیئر کھلاڑی سیمی فائنل میں کامیابی سے ہمکنار ہوگئے۔

بوائز انڈر 19 ایونٹ میں سیڈ3 عبداللہ نواز کوریا کے ٹاپ سیڈ جوئے یونگ نا کے ہاتھوں 3-1 سے مات کھا بیٹھے۔ عبداللہ نواز نے پہلا گیم 7-12 سے جیتا لیکن ان کے حریف نے دوسرا گیم 10-12 سے جیت کر مقابلہ 1-1 کر دیا اور پھر تیسرا گیم 2-11 اور چوتھا گیم 4-11 سے اپنے نام کرکے فائنل میں جگہ بنالی، عبداللہ نواز کو برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔

بوائز انڈر 15 ایونٹ کا فائنل دونوں پاکستانیوں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹاپ سیڈ نعمان خان نے بھارتی کھلاڑی آریان کو آسان مقابلے کے بعد 0-3 سے مات دے دی۔ نعمان خان نے پہلا گیم 5-11، دوسرا گیم 1-11 اور تیسرا گیم 5-11 سے جیتا۔

اسی ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں دوسرے پاکستانی کھلاڑی احمد ریحان خلیل نے ہانگ کانگ کے یوم ٹی ایل کو کسی دقت کے بغیر 0-3 سے زیر کر لیا۔ احمد ریان خلیل نے پہلا گیم 8-11، دوسرا گیم 1-11 اور تیسرا گیم 1-11 سے جیت فائنل میں قدم رکھا۔ اس طرح اس ایونٹ میں پاکستان کا گولڈ اور سلور میڈل یقینی ہوگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے